اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے،اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیراعظم
کو خراج تحسین پیش کیا وفد نے وزیراعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔وفد نے وزیراعظم کو معیشت کی ترقی کیلئے تجاویز اور ملکی معاشی مراکز بالخصوص کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال اور سید امین الحق شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے،اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگوہوئی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔