لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان ریلویز نے دو کمپنیوں کے ساتھ آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے معاہدوں پر دستخط کر دیے۔ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے تحت پاکستان ریلویز کمپنیوں کو آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلیے راستہ فراہم کرے گا۔ چینی کمپنی ایم ایل ون پر کیماڑی سے پشاور کینٹ تک کیبل بچھا سکے گی، اس ضمن میں پاکستان ریلویز کو
بیس کروڑ چھپن لاکھ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کر دی گئی ہے۔ دوسرے معاہدے کے مطابق پاکستانی کمپنی کیماڑی سے لودھراں تک کا رائٹ آف وے استعمال کرنے کی مجاز ہو گی۔ اس حوالے سے کمپنی کی طرف سے ریلوے کو ساڑھے تیرہ کروڑ روپے ایڈوانس میں ادا کر دیے گئے ہیں۔ یہ معاہدے تین سال کی مدت کیلیے کیے گئے ہیں جس میں توسیع بھی کی جا سکے گی۔چیف ایگزیکٹو افسر عامر علی بلوچ نے پاکستان ریلویز کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریلویز اپنی آمدن میں اضافے کیلیے مختلف ایونیوز پر کام کر رہا ہے، آپٹیکل فائبر کیبل معاہدے کا ہونا ریلوے کی ریونیو سٹریم
بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کا پاکستان ریلویز کے ساتھ اشتراک خوش آئند ہے جس سے مستقبل میں اس طرح کے مثبت وینچرز کیلیے دروازے کھلیں گے۔ عامر بلوچ نے مزید کہا کہ کوئٹہ ڈویژن کو بلوچستان کا ملک بھر سے رابطہ دو ہفتے میں بحال کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ سیکیورٹی صورتحال ٹھیک ہوئی تو ٹرین سروس کو فوراً بحال کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بارشوں سے ٹرینوں کی آمد و رفت کے اوقات متاثر ہوئے ہیں، توقع کرتے ہیں کہ مہینے کے آخر تک باقاعدگی میں واضح بہتری دیکھنے کو ملے گی۔