اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے جمعہ کو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وفدسے ملاقات کی۔ ملاقات کا بنیادی مقصد بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین یا ان کے گھرانوں کے افراد کو مارکیٹ رجحان کے مطابق سکل ٹریننگ کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے ہاسپٹالیٹی، نرسنگ، مڈوائفری اور ہوم کیئر جیسے شعبوں میں بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان شعبوں میں ٹریننگ کے ذریعے مستحق افراد کے لیے ملازمت کے امکانات کو بہتر بنا یا
جا سکتا ہے۔ وفد نے آگاہ کیا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نیوٹیک کے تعاون سے پہلے ہی سکل ٹریننگ کے کئی پروگراموں کا آغاز کر چکی ہے۔مزید برآں سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے میڈیا ونگ میں انٹرن شپ کے لیے میڈیا اور ماس کمیونیکیشن کے نئے گریجویٹس کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کے مشن کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے یونیورسٹی کی سطح پر گرافک ڈیزائننگ مقابلہ منعقد کرانے کی تجویز بھی دی۔سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وژن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ہے اور رواں دواں رہے گا۔ انہوں نے رفاہ یونیورسٹی کے اشتراک سے ان سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کو تیزی سے حتمی شکل دینے پر زور دیا جن میں کام کے طریقہ کار کے حوالے سے بنیادی اخلاقیات اور حفظان صحت کی تعلیم بھی شامل ہو۔