کراچی ( نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ کا تیسرا آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کراچی پہنچ گیا۔ جہاز کی کراچی آمد پر پی این ڈاکیارڈ میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی این ایس حنین کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان جدید ترین کثیر جہتی جہازوں کی شمولیت سے بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام کو بھی تقویت ملے گی۔پی این ایس حنین درمیانے سائز کا ایک کثیر مقصدی پلیٹ فارم ہے جو جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ، اینٹی ایئر وارفیئر ہتھیاروں اور سینسرز، سیلف پروٹیکشن اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔ یہ جہاز اس سال جولائی میں ڈیمن شپ یارڈ، رومانیہ میں تعمیر اور کمیشن ہوا تھا۔
پی این ایس حنین کی استقبالیہ تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور عملے کے ارکان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔