لاہور:(نمائندہ خصوصی )واہگہ بارڈر پر تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما سید علی گیلانی مرحوم کی تصویر لگانے کے پاک رینجرز کے اقدام نے بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کو سخت پریشان کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاک رینجرز نے سید علی گیلانی کی تصویر 14اگست کو یوم آزادی کے روز پرچم اتارنے کی تقریب کے مقام پر نمایاں طور پر لگا دی تھی جس پر بی ایس ایف سخت نارض ہو گئی ہے۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے” دی نیو انڈین ایکسپریس “ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاک رینجرز نے سید علی گیلانی کی تصویر لگاکر نہ صرف مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے کی کوشش کی ہے بلکہ کشیدگی کو بھی ہوا دی ہے۔بی ایس ایف کے ایک اور افسر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ رینجرز نے سید علی گیلانی کی تصویر لگاکر دراصل مسئلہ کشمیر کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا چاہی۔پاکستان تنازعہ کشمیرکا ایک اہم فریق ہے ، وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ایک زبردست حامی اور وکیل ہے جبکہ بھارت نے انکا یہ حق فوجی طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے ۔ واہگہ بارڈر پر ”ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے “ کے نعرے کے خالق سید علی گیلانی کی تصویر کی نمائش کشمیرکاز کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہے۔