اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )پاکستان نے ممتاز کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو انکی تیسری برسی پرشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ بے پناہ مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے سید علی گیلانی کا غیر متزلزل عزم بے مثال تھا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حقیقی آواز تھے جو طویل عرصے تک گھر میں نظربند رہنے کے بعد یکم ستمبر 2021کو انتقال کرگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف اور آزادی کے لیے سید علی گیلانی کی زندگی بھر کی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔