اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی سیکرٹری صحت ندیم محبوب نے کہا ہے کہ وزارت قومی صحت نے انسداد ڈینگی کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دے رکھی ہے ، گذشتہ سالوں کی نسبت ڈینگی کے کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں ،تمام سٹیک ہولڈرز مل کر مون سون بارشوں کے بعد لاروا کی افزائش کو روکنے کیلے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں، انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ،بروقت اور عملی اقدامات کی وجہ سے اب تک انسداد ڈینگی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈینگی کی موجودہ صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزارت صحت کے افسران ،وفاقی ہسپتالوں کے نمائندے ڈی ایچ او ،راولپنڈی ایسٹ کی ڈپٹی کمشنر اور سی ڈی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس کا مقصد مون سون کی بارشوں کے بعد انسداد ڈینگی کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔وفاقی سیکرٹری صحت نے کہا کہ وزارت قومی صحت نے انسداد ڈینگی کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دے رکھی ہے ، پچھلے سالوں کی نسبت ڈینگی کے کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں ، مارچ 2024 میں انسداد ڈینگی کیلئے ایڈوائزری جاری کی تھی ۔ وزارت صحت نے متعلقہ اداروں کو ڈینگی کی روک تھام کیلئے موثر اقدام کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ندیم محبوب نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز مل کر مون سون کی بارشوں کے بعد لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں، انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رورل اور اربن ایریاز میں ڈینگی کی ٹیمیں سرویلنس کو یقینی بنارہی ہیں ، سرویلنس کی ٹیمیں ہاٹ سپاٹس اور لاروا کو ختم کر دیتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دو سو لیڈی ہیلتھ ورکرز بالخصوص گھر گھر جا کر لاروا کو چیک کرتی ہیں ، ڈینگی سے بچاؤ بارے عوام کو آگاہی بھی دے رہی ہیں ، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے تمام ہسپتالوں کو پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ہدایت کر رکھی ہے، بروقت اور عملی اقدامات کی وجہ سے اب تک انسداد ڈینگی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔