اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی ایک مکمل ویلیو چین موجود ہے جوملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ،وزیراعظم برآمد کنندگان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں جس کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ملبوسات،فیبرکس ،ٹیکسٹائل فائبر اور ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کی کونسلز کے نمائندوں سے ورچوئل میٹنگ میں کیا ۔ملاقات میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کو متاثر کرنے والے اہم
مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔کونسلوں کے ممبران نے برآمدی نمو میں رکاوٹ بننے والے مسائل کی نشاندہی کی جن میں ٹیرف، ٹیکس، لیکویڈیٹی کی کمی، ایس آر او ز سے متعلق پیچیدگیاں، زیادہ شرح سود پر قرض ، محدود برآمدی فنانسنگ اور ٹیرف سے متعلق چیلنجز شامل ہیں۔ میٹنگز کے شرکا نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے ۔میٹنگ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سپورٹ کرنے اور نئے پلگ اینڈ پلے گارمنٹس سٹیز کے قیام کی ضرورت پر بھی بات کی گئی۔کونسل کے اراکین نے کہا کہ موجودہ عالمی اورجغرافیائی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کے پاس بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کا اچھا موقع ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسی پالیسیوں پر عمل درآمد کرے جس سے ملک کی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل برآمدات کو تقویت ملے۔ وفاقی وزیر تجارت نے کونسلز کے نما ئندوں کو یقین دلایا کہ اس شعبے کو ہموار کرنے، عالمی مسابقت بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر اور کاروباری برادری کی جانب سے آنے والی تمام سفارشات کو مرتب کر کے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کو حتمی غور کے لیے پیش کیا جائے گا۔