کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےآئی ٹی سی این ایشیاء2024 ء کے 25ویں تین روزہ ایکسپو کا افتتاح کیا۔ ایکسپو میں ملکی اور بیرون ممالک کی مختلف کمپنیوں نے 500 سٹالز لگائے گئے ہیں۔گورنرسندھ نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور آئی ٹی مصنوعات کا جائزہ بھی لیا۔گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تین روز ایکسپو میں شرکت کرنے کے لئے 80ہزار افراد کی رجسٹریشن کی گئی جس میں سے پہلے روز 25ہزار افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ یہ نیٹ ورکنگ، نالج شیئرنگ اور ٹیکنالوجی میں جدید رجحانات کے لئے منفرد پلیٹ فارم ثابت ہوگا،اس ایونٹ سے ٹیکنالوجی کے مستقبل کے بارے میں قیمتی آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں آج دنیا کھڑی ہے ، اس ضمن میں صوبہ کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کے لئے بھرپور کاوشیں شروع کردی گئیں ہیں ، اس وقت گورنرہائوس میں 50ہزار نوجوان آئی ٹی کے جدید کورسز میں حصہ لے رہے ہیں،جلد حیدرآباد سے بھی ان کورسز کا آغاز کردیا جائے گا ، اسی طرح بالترتیب ان کورسز کا دائرہ پورے صوبہ تک وسیع کردیں گے۔بعدازاں گورنرسندھ آئی ٹی سی این کے تحت لگائے گئے بی ٹو بی بزنس کارپوریٹ لائونج بھی گئے جہاں پر منتظمین نے گورنرسندھ کو لائونج سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔