اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پروپارکو، کارانداز پاکستان اور پرواز فنانشل سروسز لمیٹڈ نے پاکستان میں چھوٹے کاروباری فنانس کو سپورٹ کرنے کے لئے ایک تاریخی شراکت داری کی ہے۔ یہ پاکستان میں پروپارکو کی طرف سے پیش کردہ پہلی کریڈٹ رسک گارنٹی ہے جس اس کا مقصد کارانداز کے خواتین وینچرز اور گرین فن انوویشنز پورٹ فولیوز کے تحت خواتین کی زیرِ قیادت کاروبار اور گرین ٹیکنالوجیز کے لئے فنانس تک رسائی کو بڑھانا ہے۔ کارانداز نے ان پروگراموں کے ذریعے تقریباً 90 چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو 1.2 بلین روپے سے زیادہ رعایتی فنانس مختص کئے ہیں۔ایجنسی فرینکاسا ڈویلپمنٹ(اے ایف ڈی )اور پروپارکوکے ساتھ شراکت داری ان پروگراموں کے تحت ابھرتے ہوئے چھوٹے کاروباروں کو دستیاب کریڈٹ تک رسائی کو مزید وسعت دینے میں سہولت فراہم کرے گی۔حکومت فرانس کے تحت چلنے والےاے ایف ڈی گروپ کے مالیاتی ادارے ’پروپارکو‘ کے ساتھ یہ شراکت داری کار انداز پاکستان کے لئے خاطر خواہ رسک گارنٹی فراہم کرتی ہے۔ یہ تعاون کارانداز پاکستان کے ساتھ ایک ’ARIZ TPE 209‘ پورٹ فولیو گارنٹی متعارف کرائے گا جس میں چھوٹی نوعیت کے کاروبار کو دیئے گئے قرضہ جات پر ہونے والے ممکنہ نقصان کا جزوی احاطہ کیا جائے گا۔ یہ تعاون کارانداز کو دیہی علاقوں میں، خواتین کی سربراہی والے کاروباروں اور موسمیاتی منصوبوں کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی حکمت عملی نافذ کرنے کے قابل بنائے گا۔ یہ گارنٹی میکانزم، پاکستان میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں کو درپیش مالیاتی خلا کو پُر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔کارانداز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ خواتین کی قیادت میں چلنے والے اداروں کی مالی معاونت میں اضافہ اور گرین ٹیکنالوجیز کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے،اس سفر میں پروپارکو کی ہمارے ساتھ شراکت خوش آئند ہے، ہم مزید ایسے تعاون کے متلاشی رہیں گے جن سے ہمارے مشن کو دوام مل سکے۔پروپارکو ساؤتھ ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر ڈیان جیگم نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں چلنے والے چھوٹے اور درمیانے درجے ک کاروباری اداروں بالخصوص خواتین کی قیادت والے اور موسمیاتی بحالی کی کارروائی پرتوجہ دینے والے اداروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، مالیاتی تفریق کو ختم کرکے، ہم کاروباری افراد کو بااختیار بنا رہے ہیں تاکہ وہ پائیدار ترقی کو آگے بڑھائیں اور سب کے لیے ایک جامع اور موافق مستقبل بنائیں۔ اس شراکت داری کا اعلان اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس میں پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد ہوا جس کا موضوع”صنفی اور موسمیاتی فنانس کے لیے مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے مالیاتی کردار اور معاون طریقہ کار“ تھا ۔