قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) :وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے مصر کے امام اعظم ڈاکٹر احمد الطیب سے ملاقات کی۔ قاہرہ میں منعقد ہونے والی سپریم کونسل برائے اسلامی امور کی 35ویں بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پرہونے والی ملاقات میں مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال اور الازہر الشریف کے سینئر عہدیدار بھی مو جود تھے۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے امام اعظم کو پاکستان میں امن و بھائی چارہ کے فروغ کے مقصد کے تحت بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام امام اعظم کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اوران کے پاکستان میں ایک سالہ قیام کی خوشگوار یادوں کو تازہ کیا۔
چوہدری سالک حسین نے امام اعظم کے ساتھ اسلام کی پرامن، ترقی پسند اور فلا ح و بہبود پر مبنی تشریح کی اشاعت میں الازہر الشریف کے ساتھ تعاون کے مزید طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو لاحق سنگین خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امام اعظم نے قاہرہ میں ہونے والی کانفرنس میں وفاقی وزیر کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔ امام اعظم نے پر امن اور ترقی پسند افکار کے فروغ میں پاکستان اور الازہر کے درمیان تعاون بڑھانے کے حوالے سے وفاقی وزیر کی تجویز کا خیر مقدم کیا ۔ ملاقات میں مستقبل میں روابط جا ری رکھتے ہوئے موجودہ تعاون کو تقویت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ْ وفاقی وزیر نے اما م اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔