اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی 29 اور30 اگست کو کیمرون کے شہر یائونڈے میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 50 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ وزرائے خارجہ کی کونسل کو غزہ میں جاری نسل کشی اور وہاں کی سنگین انسانی صورتحال، خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی جو مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے خطرہ ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔سیکرٹری خارجہ امت کی یکجہتی اور اتحاد کے تقاضوں، دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور دیگر عصری عالمی چیلنجز کے مسائل پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ او آئی سی کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔