اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کلیئرنس آپریشنز کے دوران جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بلوچستان میں مختلف واقعات میں معصوم شہریوں کی شہادت پر بھی اظہار تعزیت کیا۔ صدر نے کہا کہ دہشتگرد پوری قوم ، انسانیت اور ترقی کے دشمن ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کی مدد سے دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم شہداء کی احسان مند رہے گی ، ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے شہادت پانے والے جوانوں کی بہادری اور جذبہ قربانی کی تعریف کی اور شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔