اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان ریلویز نے ریلوے پولیس اور ٹرین کے عملے کی مدد سے گزشتہ سات ماہ کے دوران بغیر ٹکٹ مسافروں سے 79.2 ملین روپے کی رقم اکٹھی کی ہے۔وزارت کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ "تقریباً 61,352 مسافر مختلف ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ کے سفر کرتے ہوئے پائے گئے اور ان سے مذکورہ رقم وصول کی گئی، جو محکمہ کے سرکاری بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے نے پہلی بار بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن نہیں کیا، اس قسم کے کر ڈاؤن روزانہ ہوتے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنا غیر قانونی ہے اور جو لوگ بغیر ٹکٹ پکڑے گئے ان سے جرمانے کے علاوہ ٹرین کے پورے سفر کے لیے ٹکٹ کی قیمت وصول کی گئی۔ ادائیگی نہ کرنے والوں کو ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس نے ڈیڑھ سال کے دوران 43,84 ملزمان کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف ریلوے کی 8 ڈویژنوں میں ڈیڑھ سال کے دوران تقریباً 3,803 مقدمات درج کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ "پشاور ڈویژن میں تقریباً 688، راولپنڈی میں 584، لاہور میں 11,03، مغل پورہ ورکشاپس میں 369 ، ملتان میں 378، سکھر میں 238، کراچی میں 365 اور کوئٹہ ڈویژن میں 78 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر ریلوے پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور گزشتہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کافی تسلی بخش رہی ہے۔ریلوے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پولیس محدود وسائل کے باوجود مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہی ہے اور آئندہ سال کے دوران ریلوے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے گا۔