لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیے جانے والے مالی پیکیج کا اطلاق ان ملازمین پر ہرگز نہیں ہوگا جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک ورکس
ڈیپارٹمنٹ کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس اتوار کو منعقد ہوا۔اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حتمی مراحل اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکج ان افراد کے لیے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے،پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں۔وزیراعظم نے پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایماندار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کے لیے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، محمد اورنگزیب وفاقی وزیر خزانہ ، احسن اقبال وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ریاض حسین پیر زادہ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور ورکس اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔