سیالکوٹ۔ (نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے،جلسہ کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخ کیا۔جلسہ منسوخی کے بعد عمران خان کی اہلیہ،ان کی بہن علیمہ خاں اور روف حسن کی جو گفتگو منظر عام پر آئی ہے اس میں پی ٹی آئی کے عزائم، پروگرام اور ان کی پاکستان کے ساتھ وابستگی اور خلوص پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ علیمہ خاں نے جو بات کی ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پی ٹی آئی ایک جعلی اور فیک پروپیگنڈہ کر کے اپنی سیاست چلانا چاہتی ہے،سوشل میڈیا پر جو گفتگو بشری بی بی اور جیل سپریٹنڈنٹ کے درمیان رپورٹ ہوئی ہےاس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے،پی ٹی آئی کا یہ ایک جعلی بیانیہ ہے جو پچھلے ایک سال سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جعلی اور جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کا مقصد ہے کہ اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو بحال کرنا اور سیاسی دوکانداری چمکانا ہے،پی ٹی آئی کا سارا منصوبہ صیہونی ایجنڈا ہے،کیونکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی مقبولیت روز بروز کم ہو رہی ہے،پی ٹی آئی جس طرح باہر کے ملکوں میں مال و دولت لٹا رہی ہے اس کامقصد صیہونی ایجنڈا پر عمل درآمد کرنا ہے لیکن پاکستان اس کا مقابلہ کر بھی رہا ہے اور کر تا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں 130 آرٹیکل پاکستان کے خلاف شائع کیے گئے ہیں جن میں پاکستان مخالف بھرپور جذبات کا اظہار اور خواہشات واضح ہیں اور یہ تمام آرٹیکل پیسے دے کر پاکستان کے خلاف لکھوائے جا رہے ،ان سب کا بینیفشری پی ٹی آئی ہے اور اس سارے عمل کے پیچھے گولڈ اسمتھ مشن اور صیہونی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ منسوخی کا سارا ڈرامہ علی امین گنڈا پور کا رچایا ہوا ہے۔ وزیر دفاع نے وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کو عثمان بزدار نمبر 2 قرار دے دیا۔وزیر دفاع نے 9 مئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا جو واقع ہوا اس کے اسکرپٹ رائٹر، کردار اور عمل درآمد کرنے والے اب کھل کر بول رہے ہیں۔سیالکوٹ سے منتحب ہونے والے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام،چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، شکیلہ آرتھر، سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ نصرت جمشید،سابق ایم ایل اے چوہدری اسحاق سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔