اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں خصوصی طیارے کے ذریعے جیکب آباد پہنچا دی گئیں جہاں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل لیزان آفس کراچی عرفان سومرو نے میتیں وصول کیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران میں 20 اگست کو ہونے والے اس بس حادثہ میں زخمی ہونے والے 16 پاکستانی زائرین کو بھی اسی خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا گیا ہے۔وطن واپسی سے قبل یزد ائیرپورٹ پر گورنرمہران فاطمی اور امام جمعہ نے میتوں کو روانہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم ایرانی حکام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی زائرین نے حادثہ متاثرین کو ریسکیو کیا اور ان کی وطن واپسی میں مکمل معاونت کی۔انہوں نے حادثہ میں جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کی۔