رحیم یار خان۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پولیس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے خودرحیم یار خان پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کو دلاسہ دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیااور کچہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی۔شیخ زید ہسپتال میں زخمی وسیم ارشد،بلال،فاروق، نبیل شہزاد، زاہد،سعیداورمحمد ایوب کے لئے صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی جوانوں کے والدین اوراہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں۔انکی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں۔ حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔پولیس شہدا میں محمد عمران،راشد، ساجد،احمد،زاہد،منیر،نذر عباس،انس ستاراورعبداللہ شامل تھے۔راہ حق کیلئے جان دینے والوں تین ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجہ کنول بھی تھے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہدا کے والدین، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور شہدا کے لئے دعا مغفرت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس شہدا کے غمزدہ اہل خانہ کو دلاسہ دیا، باری باری شہدا کے ورثا کے پاس گئیں –شہداء کے ورثا آبدیدہ ہوگئے،وزیراعلی مریم نواز نے دلاسہ دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید اہلکاروں کی والدہ اور بیوہ کو حوصلہ دیااور روتی ہوئی بیوہ خاتون کو گلے لگا لیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا اورکہاکہ کوتاہی ہوئی،غلطی کا ازالہ کریں گے آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندان کی بھرپور کفالت کی جائے گی۔شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم، گھر اور نوکری بھی دی جائے گی۔ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کا غم بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جیز،پولیس اور انتظامی حکام بھی ہمراہ تھے-