چترال (نمائندہ خصوصی ):خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کی خوبصورت وادی کیلاش میں اچھاؤ (اچھل) فیسٹیول رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کے مطابق وادی کیلاش میں اچھاؤ (اچھل) فیسٹیول رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ضلع چترال کی کیلاشی برادری ہر سال 20 تا 23 اگست تک اچھاؤ (اچھل)تہوار مناتی ہے۔ تہوار موسم گرما میں فصلوں اور پھلوں کی کٹائی کیلئے اچھے شگون کے طور پر منایا جاتا ہے۔خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ٹورازم پولیس نے فیسٹیول کے دوران ڈیوٹی سر انجام دی۔ تہوار کے دوران خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کیلئے بمبوریت میں کیمپنگ پاڈز کھولے گئے۔ تہوار میں مختلف رسومات اونچی قربان گاہوں اور مخصوص جگہوں پر ادا کی جاتی ہیں۔ اوچھل تہوار کیلاش کی وادی رمبور اور بمبوریت میں منایا گیا۔