کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیٸرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران بس حادثہ میں شہدا اور زخمیوں کی مالی مددکا اعلان کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء کیلئے فی شہید کے ورثا کو 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے فی افراد 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر شہداء کو واپس لانے کا مکمل انتظام کیا ہے جبکہ تمام انتظامات اور معاوضہ کے جاری ہونے کی رپورٹس چیئرمین بلاول بھٹو کو بروقت دی جائیں گی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایران بس حادثہ کے شہدا کو واپس لانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کردئے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی درخواست پر وزیراعظم نے C-130 جہاز ایران سے میتوں اور زخمیوں کو واپس لانے کیلئے بھیجا ہے جبکہ یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ جہاز کی لینڈنگ سکھر ہوگی یا پھر جیکب آباد جسکا فیصلہ سہولیات کے حساب سے وقت پر کیا جائے گا۔ناصر شاہ نے شہداء کے ورثاء کو پیغام دیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایئر ایمبولینس اور دیگر ایمبولنسز کا انتظام سکھر اور جیکب آباد میں کردیا ہے،شہدا اور زخمیوں کے ورثاء پریشان نہ ہوں، ہم انہیں ایئرپورٹ اور جہاز کی لینڈنگ کی اطلاع بروقت دے دیں گے۔ ناصر شاہ نے بتایا کہ اگر کسی زخمی کو کراچی منتقل کرنا پڑا تو اس کیلئے ایئرایمبولنس کا بندوبست ہے، حکومت سندھ زخمیوں کا بہتر طریقے سے علاج کرائے گی، ورثاء تسلی رکھیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نےضلعی انتظامیہ کو شہداء اور زخمیوں کے ورثاء کے ساتھ بھرپور تعاون اور رابطہ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔