اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):ٹیلی نار ویلاسٹی نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو تقویت دینے کے لیے انویسٹ ٹو انوویٹ کے ساتھ شراکت داری کی ہے ۔ ٹیلی نار پاکستان کی وسیع نیٹ ورک،تکنیکی انفراسٹرکچر اور صنعتی مہارت اور انویسٹ ٹو انویٹ کی جانب سے انٹرپیئرز کی ترقی کے اعلی ریکارڈ کے ساتھ اس تعاون کا مقصد ملک میں سٹارٹ اپس کی ترقی اور انہیں عالمی سطح پر روشناس کروانا ہے۔پاکستان کی 64 فیصد آبادی جس کی عمر 30 سال سے کم ہے، جدت طرازی کی منتظر ہے۔ تقریباً 240 ملین آبادی اور تقریبا 80فیصد ٹیلی کمیونیکشن خدمات استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ پاکستان ایک متحرک سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کا حامل ہے تاہم اس صلاحیت کے باوجود، 70 فیصد سٹارٹ اپس کو کاروباری ترقی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ 2023 میں پاکستانی سٹارٹ اپس نے 39 کاروباری سودوں کے نتیجے میں وینچر کیپیٹل میں 81.116 ملین ڈالر حاصل کیے جو علاقائی سطح پر فنڈنگ کے فرق کو نمایاں کرتا ہے۔جمعہ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ٹیلی نار پاکستان اور انویسٹ ٹو انوویٹ ایک مضبوط ماحولیاتی نظام تشکیل دے کر ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہیں جو انٹرپرینیورشپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اس تعاون کے ذریعے ٹیلی نار پاکستان انویسٹ ٹو انوویٹ کی پوٹ فولیو کمپنیوں کو تمام وسائل میں تعاون فراہم کرے گا۔ ٹیلی نار پاکستان کے 44 ملین کے وسیع کسٹمر بیس تک رسائی حاصل کرنے سے لے کر جدید ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز تک رسائی کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس کو بہترین کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے درکار تعاون حاصل ہوگا۔مزید برآں انٹرپرینیور کو کامیابی کے لئے صنعت کے تجربہ کار ماہرین کی جانب سے رہنمائی، جامع برانڈنگ اور مارکیٹنگ میں معاونت، ڈیٹا پر مبنی معلومات، اور تکنیکی ترقی میں معاونت حاصل ہو گی۔ ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر عریج خان نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا سب سے بڑا حامی رہا ہے اور ڈیجیٹل انقلاب اب پاکستان میں دستک دے رہا ہےانویسٹ ٹو انوویٹ کے ساتھ شراکت کر کے ہم صرف سٹارٹ اپس کو نہیں بلکہ ملک کے بہتر مستقبل میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، ہم مل کر جدت کا ایسا ماحول تشکیل دے رہے ہیں جہاں نوجوان انٹرپرینیورز عالمی سطح پر کارکردگی دکھا کر اپنے خوابوں کو ممکن بنا سکیں۔انویسٹ ٹو انوویٹ کی سی ای او سارہ منیر نے کہاکہ ہم کاروباری افراد کی اگلی نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر بے حد پرجوش ہیں۔ ہم اپنے سٹارٹ اپس کو ایک مثبت ماحول اور تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو انہیں کامیابی اور ترقی کے لیے درکار ہے۔سٹارٹ اپ مینٹرز نیت ورک اور جی ایس ایم اے انوویشن فنڈ کے ساتھ شراکت داری جیسے کامیاب اقدامات ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے ملک میں جدت اندازی اور ڈیجیٹلائزیشن کے غیر متزلزل عزم کے عکاس ہیں ۔