اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،سمیڈا بورڈ سمیت ایسے تمام ادارے جو ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہیں ان کے بورڈز کی تشکیل فوری طور پر کی جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعظم نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے سمیڈا بورڈ کے غیر فعال ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمیڈا کے بورڈ کی فوری طور پر تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسے تمام ادارے جو ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہیں ان کے بورڈز کی تشکیل فوری طور پر کی جائے۔وزیراعظم نے سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی فوری تعیناتی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے سمیڈا کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیئرنگ کمیٹی میں نجی شعبے سے متعلقہ لوگوں کو بھی شامل کیا جائے۔وزیراعظم نے صنعتوں میں سب۔ کنٹریکٹنگ کو فروغ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کو سمیڈا کے امور پر بریفنگ میں بتایاگیا کہ پہلی مرتبہ سمیڈا کے لئے ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ 6 سال کی لئے 30 بلین روپے سمیڈا ڈویلپمنٹ فنڈ مختص کیا گیا ہے جس میں سے سال 25۔2024 کے لئے 5 بلین روپے مہیا کئے جا چکے ہیں،پاکستان میں اس وقت 5.2 ملین چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار موجود ہیں جن کا ملک کی جی ڈی پی میں حصہ 40 فیصد ہے ، ملک کی 31 فیصد برآمدات ایس ایم ایز پر منحصر ہیں۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ نان ایگریکلچر ملازمتوں کے علاوہ 72 فیصد ملازمتیں ایس ایم ای سیکٹر مہیا کر رہا ہے،ایس ایم ای سیکٹر کے لئے اب تک 491 بلین روپے بینک کریڈٹ کی مد میں فراہم کئے جا چکے ہیں تاہم ایس ایم ای سیکٹر کے لئے بینک کریڈٹ کو 800 بلین روپے تک لے جانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔