لاہور( نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اوردکھ کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ماچھکہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے حرف عقیدت پیش کیاہے۔وزیراعلیٰ نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے کہاکہ کچے کے علاقے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اورسینئر افسران رحیم یار خان کیلئے روانہ ہوگئے۔