اسلام آباد۔(کامرس رپورٹر )زونگ فورجی نے گلگت بلتستان کے 15سے زائد شہروں میں تیزرفتار نیٹ ورک کنکٹیویٹی متعارف کرادی ۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ٹیلی کام آپریٹر زونگ فورجی گلگت بلتستان میں اپنی تیزرفتار فورجی سروسزلارہاہے،یہ سروسز اس وقت گلگت،ہنزہ اور سکردو کے شہروں میں چل رہی ہیں جبکہ مزید شہروں میں لانچ کے لئے تیار ہیں جس سے زونگ فورجی گلگت بلتستان میں فورجی سروسز فراہم کرنے والا سب سے بڑا نیٹ ورک آپریٹر بن جائے گا، یہ اقدام ملک بھر میں کنیکٹیوٹی اور بہترین فور جی سروسز کو سستے داموں فراہم کرنے کے لئے زونگ فورجی کے عزم کو ظاہر کرتاہے۔اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا،روزگار کی فراہمی اور پورے پاکستان کی طرح گلگت بلتستان کے دوردراز علاقوں میں بھی ڈیٹا کنیکٹیویٹی کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔گلگت بلتستان کے 15سے زائد شہروں میں فورجی کی 59سائٹس شروع کی جارہی ہیں تاکہ گلگت،استور،سکردو اور ہنزہ سمیت دیگر شہروں میں پہلے سے دستیاب ان سروسز کی طرح باقی شہروں میں بھی نیٹ ورک کنیکٹیویٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ نیٹ ورک کی یہ توسیع نہ صرف گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت ہو گی بلکہ یہ ہر سال یہاں آنے والے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی سہولت کا باعث بنے گی۔گلگت بلتستان میں زونگ کے فور جی نیٹ ورک کوریج کی دستیابی زونگ کی سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ممکن ہوئی ہے۔ اس تعاون کی بدولت، زونگ فورجی اور اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن ضروری نیٹ ورک وسائل کا اشتراک کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے یہ سروسز ہمیشہ قابل رسائی اور سستی رہیں۔زونگ فورجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس منصوبہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں فورجی کی دستیابی کو یقینی بنانا پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ،بہترین پراڈکٹس اور سروسزکی فراہمی کے لئے زونگ فورجی کے مشن کی جانب اہم پیش رفت ہے۔فورجی کنکٹیویٹی نہ صرف مقامی لوگوں میں رابطہ کی ضرورت کو پورا کرتی ہے بلکہ ان علاقوں میں کاروبار، سیاحت اور تعلیم کے لئے بھی نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔جی بی جیسے دوردراز علاقوں اور مشکل حالات میں ایسی ترقی ہمیشہ سے ایک چیلنج رہی ہے اور میں اس ترقی میں شامل تمام محنتی لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔