اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ زر مبادلہ کو قانونی طریقے سے ملک میں لانے کے حوالے سے حکومت پاکستان اقدامات اٹھا رہی ہے،ملک میں ای-کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے عرب مانیٹری فنڈ کے چیئر پرسن ڈاکٹر فہد الترکی نے جمعرات کو ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ زر مبادلہ کو قانونی طریقے سے ملک میں لانے کے حوالے سے حکومت پاکستان اقدامات اٹھا رہی ہے،ملک میں ای-کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے جو کہ ایک بڑا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں،بونا اور راست کے تعاون سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ استوار ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بونا-راست کنیکٹیویٹی پراجیکٹ ملک میں ڈیجیٹل لین دین کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،یہ اہم اقدام ملک میں ترسیلات زر کے بہائو کو باضابطہ بنائے گا اور ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو بہتر بنائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ بونا -راست کی بدولت اس زرمبادلہ کو آسان اور سستے طریقے سے پاکستان بھیجا جا سکے گا،بونا-راست ہمارے مشترکہ وژن کا عکاس ہے۔ڈاکٹر فہد نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا سے باہر عرب مانیٹری فنڈ کے منصوبے بونا سے منسلک ہونے والا پہلا ملک ہے،بونا-راست کی بدولت دونوں اطراف کی معیشت باہمی تعاون اور اعتماد کے ساتھ ترقی کریں گی۔