پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔
سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
پینل آف چیئر سردار ایاز صادق نے راجہ پرویز اشرف کے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ان سے حلف لیا۔
قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر ہونے والے تشدد کی بھی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے نئے اسپیکر ایوان کو بہترین طریقے سے چلائیں گے۔
قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری پر حملے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
نو منتخب اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے پہلے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والی صورت حال کی جانب توجہ دلائی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کیا گیا اور انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ایسی بدترین مثال نہیں ملتی، بطور رکن اسمبلی اس واقعے سے سر شرم سے جھک گیا ہے۔
بعد ازاں قومی اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر حملے کی قرارداد متفقہ طور پر مظنور کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے راکین نے ڈپٹی اسپیکرپر حملہ کیا، حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سادہ الفاظ میں یہ تشدد اورغنڈہ گردی کا مظاہرہ اور فسطائیت ہے، عمران خان کی مایوسی اور تشدد پر اکسانا معاشرے کو توڑ رہا ہے، عمران خان خود جمہوریت پرحملہ آور ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ اور چند دنوں میں اس ایوان کے ساتھ مذاق کیا گیا، ہمارے آئین کے ساتھ کھیلا گیا، سلیکٹڈ وزیراعظم کو گرادیا،اب ہم متحدہ حکومت ہیں، عوام کو امید کی کرن نظر آرہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جوادارےمتنازع رہے وہ اپنےآئینی کردارکی طرف بڑھ رہے ہیں، کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کی ترقی کو روک سکے، آئین کا دفاع نہیں کریں گےتو خود کو پاکستانی نہیں کہلاپائیں گے۔
بلقیس ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد ایوان میں منظور
اس موقع پر بلاول نے بلقیس ایدھی کو خراج عیقدت پیش کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم سب بی بی شہید کو بھی یاد کرتےہیں، بیگم بلقیس ایدھی صاحبہ کوبھی، ایوان بلقیس ایدھی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتا ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک جمہوری کارکن قومی اسمبلی کااسپیکرمنتخب ہواہے، تبدیلی کے نام پر ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا گیا، میڈیا کوریج پر پابندیاں ہٹانےکا خیر مقدم کرتی ہوں۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر دن 12بجے تک ملتوی کردیا گیا۔