اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمہ کے حوالہ سے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی ہے،اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں اضافی درخواست کی سماعت میں اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے جبکہ کابینہ نے وزارت تجارت اور ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری کے درمیان ای کامرس کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ، ’’پرائم منسٹرز سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی‘‘ کے قیام اور کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کو مبارک ثانی مقدمہ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمہ کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ اس مقدمے کے حوالے
سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ کہے گی کہ اس مقدمہ کے واقعاتی اور قانونی پہلوؤں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی ۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں اضافی درخواست کی سماعت میں پیش ہوں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے۔وزیراعظم نے اس حوالے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری ، صنعت و تجارت اور پاکستان کی وزارت تجارت کے درمیان ای کامرس کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ۔وفاقی کابینہ نے وز ارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 42 کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت "پرائم منسٹرز سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی” کے قیام کی منظوری دے دی۔مذکورہ بالا کمپنی کا قیام تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا ، فنڈ مینجمنٹ اور اس فنڈ کے تحت مختلف تربیتی پروگراموں کا نفاذ ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل اور ریگولیٹری معاملات کو الگ کرنے کے حوالے سے اس کمپنی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے بعد پرائم منسٹرز سکل ڈویلپمنٹ کمپنی تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے آپریشنل معاملات کو دیکھے گی جبکہ قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت ریگولیٹری امور کو دیکھے گا۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے وزارت قومی صحت اور وزارت دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 12 اگست 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 اگست 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔