کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے ملک کی بندرگاہوں کے موثر استعمال اور صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں لاجسٹکس، میری ٹائم افیئرز اور بلیو اکانومی کے موضوع پرمنعقدہ ایک روزہ کانفرنس سے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کا موثر استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ایکسپورٹس میں بھی اضافہ کیاجاسکے۔وفاقی
وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم (پی کیو) میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی گہرائی بڑھانے کے لیے ڈریجنگ کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اس سےہمارے زرمبادلہ کی بچت ہوگی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام کارگو ہینڈلنگ کے پی ٹی میں کرنے اور پھر وہاں سے چھوٹے جہازوں میں کارگو گوادر اور پورٹ قاسم بھیجنے کی تجویز قابل عمل ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام بندرگاہیں فعال ہیں اور کسی بندرگاہ کو بند نہیں کیا جا رہا۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ ہر کسی کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا جس سے معیشت کے استحکام اور ملک کی ترقی میں مدد ملے گی۔