اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 100 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، جسے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (این پی ایف ) اور ترکیہ کی یک نجی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔ اس ہسپتال کی تکمیل سے پولیس کے جوانوں، ان کے اہلخانہ، اور عام شہریوں کو صحت کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی۔اس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل ہسپتال کا یہ منصوبہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے نئے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صابر احمد کی آمد نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو دوبارہ زندہ کیا ہے، اور اس کی تمام آمدن شہداء اور پولیس کی ویلفیئر پر لگائی جا رہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء اور پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہے، اور یہ ہسپتال اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور سی ڈی اے باہمی اشتراک سے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور اس کے منصوبے صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہیں بلکہ صوبوں میں بھی شہداء اور پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے حال ہی میں حیدرآباد میں بھی شہداء اور جوانوں کے لیے ایک منصوبے کو مکمل کیا ہے۔ اس ہسپتال کی تعمیر کے لیے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے زمین فراہم کی ہے جبکہ ہسپتال کی تعمیر مکمل طور پر ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کی طرف سے کی جا رہی ہے، جس کی تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے۔وزیر داخلہ نے اس موقع پر اس بات کا بھی اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر نو کی جا رہی ہے تاکہ پولیس کے جوانوں کو مزید بہتر تربیت فراہم کی جا سکے۔