اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں پانچ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر اور جری جوان ہمیشہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر اور جری جوان ہمیشہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔وزیراعظم نے خوارجی دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات اور شہداء کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔