اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے 3 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔سکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔دراندازی ناکام بنانے کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔