راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):پاک افغان سرحد سے متصل ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شہید کی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ میں عام شہریوں اور پاک فوج کے سینئر افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ہیں جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔