اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح ہدایت کی ہے کہ بحری راستے سے اندرون ملک کے لئے پبلک سیکٹر کے تمام کارگو کا 50 فیصد گوادر بندرگاہ سے لایا جائے،انہوں نے چین میں پاکستانی طلباء اور ریسرچ سکالرز کی زراعت کے شعبے میں تربیت کے حوالے سے تمام صوبوں کو یکساں تناسب دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ بحری راستے سے اندرون ملک کے لئے پبلک سیکٹر کے تمام کارگو کا 50 فیصد گوادر بندرگاہ سے لایا جائے۔وزیراعظم نے چین میں پاکستانی طلباء اورریسرچ سکالرز کی زراعت کے شعبے میں تربیت کے حوالے سے تمام صوبوں کو یکساں تناسب دینے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی جو کہ چین میں زرعی تربیت کے حوالے سےپاکستانی طلباء اور ریسرچ سکالرز کے شفاف طریقے سے انتخاب کی نگرانی کرے گی۔اس موقع پر وزیراعظم کو چینی ماہرین کے وفد کے دورہ پاکستان پر
تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چینی ماہرین کے وفد نے 30 جولائی 2024 سے 6 اگست 2024 تک پاکستان کا دورہ کیا،چینی وفد نے مختلف وزارتوں کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں وزارتوں نے متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تجاویز دیں،وفد کے دورے کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری ، توانائی، زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی۔چینی وفد نے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ملاقاتیں کیں،ملکی برآمدات بڑھانے اور نان ٹریڈ بیرئیرز کو ختم کرنے کے حوالے سے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے چین کے مختلف شہروں میں سیکٹورل روڈ شوز منعقد کروائے جائیں گے،الیکٹرک وہیکلز ،الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز اور دیگر شعبوں میں چین سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے خدمات حاصل کی جائیں گی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے چینی کمپنیوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے، چینی آٹو سپیئر پارٹس کمپنی کے حال ہی میں پاکستان میں اپنا پلانٹ لگانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے،خصوصی اقتصادی زونز کے لیے زمین کو لیز پر لینے کے حوالے سے آسانی پیدا کی جا رہی ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی طلباء اور ریسرچ سکالرز کو چین میں زراعت کے شعبے میں تربیت دی جائے گی جس کے لیے اب تک 572 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال ،وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔