اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف، مہنگائی میں کمی اور عوام کی زندگیوں میں آسانی لانا حکومت کی پہلے دن سے ترجیحات ہیں، وفاق نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین کو اپنے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے تین ماہ کے لئے 50 ارب روپے کی سبسڈی دی، اسی طرح پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے بجٹ سے 45 ارب روپے کا ریلیف دیا، وفاق اور صوبائی حکومتوں کے ان اقدامات کو سراہنا چاہئے، دیگر صوبائی حکومتیں بھی اس طرح کا ریلیف عوام کو دے سکتی ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے ایک بحث کا آغاز ہو گیا ہے، موجودہ حکومت جس دن سے اقتدار میں آئی اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں کمی اور عوام کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی سب سے پہلی ترجیح بجلی کے بلوں میں ریلیف دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پورے پاکستان میں 200 یونٹ تک بجلی استعمالکرنے والے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین کو اپنے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے سبسڈی دی اور 4 روپے سے 7 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا جو جون، جولائی اور اگست کے مہینے کے لئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے فنڈ سے 45 ارب روپے کی سبسڈی دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں کے پاس عوام کو مزیدریلیف دینے کا آپشن موجود ہے، وفاق کی جانب سے فراہم کی گئی سبسڈی پورے ملک کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے پنجاب حکومت نے جو قدم اٹھایا ہے، یہ باقی صوبائی حکومتوں کے لئے ترغیب ہے، اگر وہ چاہیں تو وہ بھی عوام کو ریلیف دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کو دیکھتے ہوئے وفاق عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے جو کر سکتا ہے، کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی جانب سے ریلیف دینا صوبے کا اپنا معاملہ ہے، صوبے نے وفاق کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدام کو سپورٹ کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے، اس پر تنقید کی بجائے اسے سراہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دیا، حکومت مہنگائی میں کمی کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ہر پاکستانی کی زندگی آسان بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال مہنگائی 23 فیصد تھی جو اس سال 11 فیصد پر آ گئی ہے، توقع ہے کہ اس میں مزید کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ان اقدامات کو سراہیں بلکہ وہ اس ماڈل کو اپنائیں اور اس کو آگے لے کر چلیں تاکہ گرمیوں کے مہینے میں عوام کو سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے دیر پا حل بھی لائے جا رہے ہیں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سمیت بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ آئی پی پیز سمیت دیگر معاملات کے لئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس کی سفارشات پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی جانب سے گرمیوں کے تین ماہ کے لئے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں دیا گیا ریلیف بہترین اقدام ہے جسے سب کو سراہنا چاہئے۔