اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ریجنل آفس لاہور شفقت عباس کے بھائی ڈی ایس پی ٹریفک پولیس راولپنڈی چوہدری مسرت عباس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پی آئی او نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ چوہدری مسرت عباس انتہائی لائق، محنتی اور ایماندار افسر تھے، انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ملک کی خدمت کیلئے وقف کیا۔مرحوم نے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا اور ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے کہا کہ ڈی ایس پی مسرت عباس نہ صرف قابل افسر تھے بلکہ ایک بہترین انسان تھے، مرحوم کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔