اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور کے بعد اب وزارت خارجہ نے گجرات اور کوئٹہ میں بھی کوریئر کمپنیوں کے ذریعے پوسٹل تصدیقی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان شہروں میں سروس کا آغاز پیر 19 اگست 2024سے ہوگا۔ اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر، نامزد کوریئر کمپنیاں درخواست دہندگان سے دستاویزات جمع کر رہی ہیں،جس کے بعد وزارت خارجہ سے تصدیق کی جائے گی۔ گجرات میں پوسٹل تصدیق کے لئے دستاویزات جمع کرنے کی مجاز کوریئر کمپنیوں میں ٹی سی ایس ، ایم اینڈ پی ، لیپرڈ اور ای سی ایس شامل ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ میں ٹی سی ایس، گیریز، ایم اینڈ پی، لیپرڈ اور ای سی ایس دستاویزات جمع کریں گی۔ بیان کے مطابق کوریئر کمپنیاں پاور آف اٹارنی کے علاوہ تمام دستاویزات وصول کرنے کی مجاز ہیں۔