اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی سطح پر جنگلات کی شرح میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، عوام مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ایوانِ صدرکے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگا تے ہوئے گفتگو کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے بلاول ہائوس کراچی میں سالانہ
مون سون شجر کاری مہم کے تحت نیم کا پودا لگایا۔18 اگست پاکستان میں مون سون میں درخت لگانے کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قومی سطح پر جنگلات کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے، عوام موسمیاتی تبدیلی، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، نوجوان اور سول سوسائٹی جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں مدد کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نیم ماحول دوست درخت ہے جس کے بے شمار ماحولیاتی فوائد ہیں ، نیم صاف ہوا، ٹھنڈی چھائوں کے علاوہ قدرتی طور پر مچھروں کو دور کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے دور حکومت میں بطور وزیر موسمیات خدمات انجام دیں اورمحترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے پہلے دور میں در خت لگانے کی مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت ملک بھر میں نیم کے درخت لگائے گئے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج پاکستان میں بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر درخت لگانے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، قوم
بالخصوص نوجوان اور سول سوسائٹی مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔صدر مملکت نے کہا کہ بہتر ماحول کے لیے اپنے محلوں اور گردونواح میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، صدر مملکت نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم، جنگلات میں اضافے، ملک میں ہریالی بڑھانے، ماحول کوصحت مند اور صاف بنانے کا بہترین موقع ہے،جنگلات اور ہریالی میں اضافہ ہمارے ماحول کو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور محفوظ بنائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے مینگرووز کی بحالی کا کامیاب اقدام کیا ہے، سندھ میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگائے گئے ہیں، ہم مینگرووز کو مزید بڑھانے اور مزید درخت لگانے کے لیے پرعزم طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات درجہ حرارت کو کم کرنے، ہریالی اور جنگلات بڑھانے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔