اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 1.27 ارب ڈالر ہوگئیں۔ ادارہ شماریات کے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 3 فیصد کمی کے بعد 1.27 ارب ڈالر ہوگئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران برآمدات کا حجم 1.31 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔جاری اعداد و شمار کے مطابق ٹینٹ، کینوس اور ترپال کی برآمدات 14.22 فیصد اضافے کے بعد 10.877 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 9.523 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اسی طرح تیار ملبوسات کی برآمدات 7.57 فیصد اضافے کے بعد 295.522 ملین ڈالر ہوگئیں، آرٹ ،ریشم اور سنتھیٹک ٹیکسٹائل 4.12 فیصد اضافے کے بعد 27.245 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ں جبکہ سوتی دھاگے کی برآمدات میں 42.54 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیکسٹائل سے وابستہ دیگر مصنوعات میں 9.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔