راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی ):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر قرار دے دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی جانب سے قومی ہیرو جیولین تھرور ارشد ندیم کے اعزاز میں جی ایچ کیو کےآڈیٹوریم میں تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیموں کے اولمپیئنز ، قومی کرکٹ ٹیم سمیت دیگرکھیلوں کی ٹیموں اور لیجنڈری اولمپیئنز، اسٹریٹ فٹبال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ ٹیم ، ویمنز گول بال ٹیم،کامن ویلتھ کے میڈل ونرز ، ایس اے ایف اور پیرس اولمپکس 2024 اور ایشن گیمز کے شرکاء بشمول قومی لیجنڈ جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔آرمی چیف نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے پر ارشد ندیم کو سراہا اور انہوں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے کے باعث یہ تمغہ جیتا، پوری قوم نے ارشد کو ان کے کارنامے کے مطابق نوازا ہے۔آرمی چیف نےکھلاڑیوں کی مکمل سپورٹ اور انہیں با اختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے خوشحال پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے نوجوانوں کی سپورٹ کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیا۔ ارشد ندیم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور چیلنج پر قابو پانے اور کامیابی حاصل کرنے میں محنت اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔