ملتان (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسافروں کا تحفظ اور انکو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے ، ریلوے اسٹیشنوں پر ٹھنڈے پانی اور بینچ کا زیادہ سے زیادہ انتظام کیا جائے ،ٹرینوں میں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ جمعہ کو ڈی ایس ریلوے دفتر ملتان میں ڈویڑنل سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ محکمہ ریلوے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویڑن حماد حسن مرزا نے انہیں مختلف امور پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں خواجہ سعد رفیق نے ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویڑن کے ہمراہ ڈی ایس آفس میں پودا لگایا۔قبل ازیں خواجہ سعد رفیق کی ملتان آمد پر ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویڑن حماد حسن مرزا نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔