اسلام آباد۔کراچی(نمائندہ خصوصی):ائیرپورٹ مینیجر، ڈی جی ہیلتھ سندھ اور ڈائریکٹر ائیرپورٹ ہیلتھ سروسز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور منکی پاکس کے خدشات کے پیش نظر ائیرپورٹس پر سکریننگ انتظامات کا جائزہ لیا ۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ائیرپورٹ مینجر، ڈی جی ہیلتھ سندھ اور ڈائریکٹر ائیرپورٹ ہیلتھ سروسز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ متعلقہ اعلی حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان نے کہا کہ ائیرپورٹ انتظامیہ این سی او سی کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے، بین الاقوامی پروازوں سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ جاری ہے۔ مشتبہ مسافروں کے لئے بارڈر ہیلتھ سروسز کا آئیسولیشن روم قائم کیا گیاہے۔ ترجمان نے کہا کہ آئیسولیشن روم میں مشتبہ مسافروں کی ٹریول ہسٹری اور علامات کا جائزہ لیا جاتا ہے، علامات کی صورت میں سیمپل پی سی آر ٹیسٹ کے لئے بھجوایا جاتا ہے۔