اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) و چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قائمہ کمیٹی میں خاتون سے متعلق اقبال آفریدی کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کھلی ہراسگی ہے ۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں خود قائمہ کمیٹی میں موجود تھا، خاتون نے ایسا لباس نہیں پہنا تھا جس پر اعتراض کیا جائے، خاتون کا لباس سادہ اور مہذب تھا، پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی کے خاتون سے متعلق ریمارکس کی شدید مذمت کرتا ہوں، اقبال آفریدی کو اپنے اس رویہ پر معافی مانگنی چاہے، ان کایہ رویہ اور گفتگو کھلی ہراسگی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اقبال آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کرے اور وضاحت طلب کرے ، کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسی غیر شائستگی کی گنجائش نہیں اور نہ اجازت دی جا سکتی ہے۔