اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نوح یلماز نے ترکیہ کے وفدکی قیادت کی ترجمان نے کہا کہ مذاکرات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں کو شامل کیا گیا، دونوں فریق اعلیٰ سطحی روابط کو مضبوط کریں گے اور موجودہ معاہدوں کو مکمل طور پر فعال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین پاک۔ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کو اپ گریڈ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، سکیورٹی اور دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت، تعلیم اور قونصلر امور میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔