اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے اسرائیلی قابض حکام کے عہدیداروں کی سربراہی میں سینکڑوں انتہا پسند آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری نسل کشی ختم اور اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ہونا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیلی قابض افواج نے40 ہزار افراد کا قتل عام کیا ہے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی بے حرمتی اور عبادت گزاروں کے حقوق میں رکاوٹ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے، یہ حرکت جنیوا کنونشنز اور مقبوضہ بیت المقدس کے تاریخی شہر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم مقبوضہ بیت المقدس کے عرب اور اسلامی کردار کو تبدیل کرنے کے مقصد سے اسرائیلی قبضے کی پالیسیوں سے پیدا ہونے والے خطرے کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے خدشات کا اظہار کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کے تقدس کے خلاف ان سنگین اور بار بار ہونے والی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے، الاقصیٰ کے اسلامی تقدس کی حفاظت اور فلسطینی عوام کی عبادت کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کرے۔