راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کی طرف سے جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان تعلق کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، سابق فوجیوں سمیت قوم کی غیر متزلزل حمایت ان تمام بے سود کوششوں کو ناکام بنا دے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان آرمی کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں پُروقار استقبالیہ دیا جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔آرمی چیف نے سابق فوجی اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا اور سابق فوجیوں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔سابق فوجیوں نے پاکستان آرمی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے داخلی اور خارجی سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کوششوں کی حمایت کا عہد کیا۔ یہ تقریب پاکستان آرمی اور اس کے سابق فوجیوں کے درمیان گہرے رشتے کی عکاس تھی۔