مظفر آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک نوجوانان پاکستان جموں و کشمیر کے زیر ہتمام آزاد کشمیر کے ضلعی ہیڈکوارٹراٹھمقام میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نوجوانان پاکستان جموں و کشمیر کے چیئر مین محمد عبداللہ گل نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیری عوام کو مغلوب کرنا بھارت کی بھول ہے، کشمیری عوام بھارت سے آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ظالم جابر اور قابض ملک ہے جسکے توسیع پسندانہ عزائم خود اسکے اپنے وجود کیلئے خطرہ ہیں۔محمد عبداللہ گل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شخصی آزادیاں سلب ہیں اور قابض افواج انسانیت سوز مظالم ، خونریزی اور سفاکیت کا ہر حربہ آزما رہی ہے اورہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عزتو آبرو تار تارکی جا رہی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا عزم واستقلال کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ عبداللہ گل نے کہا کہ پاکستانی قوم ،حکومت اور افواج پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت کی ہے۔