کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں کراچی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے فوقیت دی گئی ہے،محکمہ بلدیات میں صوبائی اے ڈی پی کی 72 ارب کی اسکیمیں ہیں جس میں 35 ارب کی اسکیمیں صرف کراچی کیلئے مختص ہیں جبکہ فارن فنڈنگ کی تقریبا60 ارب کی اسکیمیں بھی کراچی کی تعمیروترقی کیلئے ہیں،حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی شکایات کے حل اور بحالی کیلئے کوئی نئی ترقیاتی اسکیم لائی جاتی ہے یا مرمت کے کام کرنے ہیں سندھ حکومت اس کیلئے کوئی پالیسی بنائے گی۔اپنے دفتر میں سینئر صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کا کہنا ہے تھا کہ تمام بلدیاتی ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کررہے ہیں،ادارہ ترقیات کراچی اپنی حدود میں بلدیہ عظمی کراچی اور ٹاﺅنز ایڈ منسٹریشن اپنی اپنی حدود میں شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرگرم ہیں،شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے 1700 سے زائد ملازمین کی خدمات ٹاﺅنز کو واپس کئے جانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صفائی کا نظام پرائیوٹائز کیا گیا ہے اور ٹھیکیدار کی مرضی ہے کہ وہ کسی سرکاری ملازم کو رکھے یا پرائیوٹ ملازم سے کام کرائے،ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہے کہ وہ کچرا اٹھائے اور لینڈ فل سائیڈ پر پہنچائے،انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملازمین کالعدم ضلع ساﺅتھ اور ایسٹ کے ملازمین کا مسئلہ ہے جبکہ دیگر ٹاﺅنز سے سینی ٹیشن کے ملازمین سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو نہیں دیئے گئے تھے،انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی ذمہ داری میں کوتاہی پر متعلقہ کنٹریکٹرز اور ذمہ داروں سے باز پرس کی جاسکتی ہے،ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کا کہناتھا کہ کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے اور اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے،سندھ حکومت کراچی کی تعمیروترقی کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے ، محکمہ بلدیات سندھ کے ترقیاتی بجٹ کا 50 فیصد فنڈ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص ہے،رواں مالی سال میں نئی ترقیاتی اسکیموں کے بجائے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکومتی فیصلہ برقرار ہے تاہم شہر کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی فوری بحالی کیلئے کوئی نئی اسکیم لائی جاتی ہے یا مرمتی کام کئے جاتے ہیں اس سلسلے میں جلد سندھ حکومت پالیسی بنائے گی،ایک اور سوال کے جواب میں خالد حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں تعمیر ہونے والی جن سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اس کا متعلقہ اداروں اور حکام سے جواب طلبی کی جائے گی