کراچی( نمائندہ خصوصی )شہر قائد میں نیا ناظم آباد کے علاقے میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت دو بڑے کاروباری گروپس کے تعاون سے سیلانی اسکول آف ایمرجنگ سائنسز اینڈ اسکلز ایجوکیشن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ سیلانی ویلفیئر کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروقی اور چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب نے دیگر اہم شخصیات نے عمارت کی تختی کی نقاب کشائی کی ،اس منصوبے کو نیا ناظم آباد میں’’ تعلیمی شہر ‘‘کا حصہ قرار دیا گیا ہے ۔مہمانوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی بھی کی ۔تقریب میں سیلانی کے صدر امین لاکھانی، سی ای او مدنی بشیر فاروقی، سی او او محمد غزال، ٹرسٹیز امجد چامڑیہ، افضل چامڑیہ، ابو فیصل اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ یہ منصوبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ثابت ہوگا ۔اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں آئی ٹی ماہرین اور مختلف ہنر کے حامل افراد تیار کیے جائیں گے تاکہ انٹرنیشنل مارکیٹ کو پاکستان سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد مل سکیں۔مولانا بشیر فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے قرضے اتارنے میں سیلانی کے تربیت یافتہ نوجوان اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہمارا ہدف ہے کہ ایک کروڑ نوجوان تیار کیے جائیں جو سالانہ ایک ارب ڈالر کمانے کے قابل ہوں تاکہ ملک کے معاشی مسائل حل ہوسکیں۔اب تک سیلانی کی جانب سے کئی لاکھ نوجوان آئی ٹی کی تربیت حاصل کرکے فری لانسنگ سے ڈالرز میں آمدنی حاصل کرکے ملکی زرمبادلہ کے لیے مفید ثابت ہورہے ہیں تاہم ہمارے ہدف کا حصول جاری ہے اور یہ عمارت مستقبل میں جدید آئی ٹی ایجوکیشن کے علاوہ بہترین فنی تربیت کا مرکز ثابت ہوگی۔اس منصوبے کی تکمیل کے لیے میں عارف حبیب اور سردار یاسین ملک کے تعاون کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے کیونکہ انھوں نے سیلانی کی تجویز سے اتفاق کرکے اسے آج عملی شکل دینا شروع کردی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ نیا ناظم آباد میں 500 بستر کا اسپتال زیر تعمیر ہے اور آج نئے تعلیمی شہر کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔اس کے علاوہ کالج اور جامعہ نیا ناظم آباد کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔یہ تمام منصوبے ناصرف نیا ناظم آباد بلکہ تمام قریبی علاقوں کے لیے بھی دستیاب ہوں گے اور لوگ ان سے استفادہ کرسکیں گے۔نیا ناظم آباد شہر قائد میں ایک جدید تعلیمی اور صحت کے سہولتوں کے لحاظ سے منفرد علاقہ ثابت ہوگا ۔ حسن بخاری نے کہا کہ سردار یاسین ملک اس منصوبے کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اسے جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔