کراچی( نمائندہ خصوصی) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) میں پاکستان کا 77واں یومِ آزادی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفسیر طاہر صغیر نے این آئی سی وی ڈی کے احاطے میں پرچم کشائی کی تقریب کی قیادت کی، جس میں فیکلٹی، عملہ اور دیگر معزز افسران نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد پروفیسر طاہر صغیر نے قومی پرچم لہرایا،سب حاضرین نے قومی پرچم کو سلامی دی، اس وقت فضا میں فخر اور حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا، جو قوم کی اتحاد اور طاقت کی علامت ہے۔اس موقع پر این آئی سی و ی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے قوم کے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، اور پاکستان کے عوام کی صحت اور بہبودمیں این آئی سی وی ڈی کے کردار کو سراہا۔ انہوں کہاکہ آج جو آزادی ہمیں حاصل ہے وہ ہمارے اجداد کی بے لوث قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی وراثت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی قوم کی خدمت کریں۔این آئی سی وی ڈی پاکستان کے عوام کو عالمی معیار کا علاج بالکل مفت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ہر شہری کو بہترین ممکنہ صحت کی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔این آئی سی وی ڈی کے ایڈمنسٹریٹو ایگزیکٹو ڈاکٹر طارق احمد شیخ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے میں اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنی یکجہتی کی طاقت کا احساس ہوتا ہے۔بطور صحت کے پیشہ ور، ہمارے پاس قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع ہے۔ آئیں ہم عہد کریں کہ ہم نہ صرف اپنے ادارے کی بہتری کے لئے بلکہ پورے ملک کی صحت اور خوشحالی کے لئے بھی مل جل کر کام کریں گے۔این آئی سی وی ڈی کے ایڈمنسٹریٹر سیّد مصطفی حسن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خدمت اور لگن کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری آزاد ی ایک قیمتی تحفہ ہے، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اہم اس کی عزت کریں اور اپنی قوم کی خدمت میں خود کو وقف کریں۔تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ این آئی سی وی ڈی عملے، بشمول طبّی پیشہ ور اور انتظامی افسران نے اس پر وقار تقریب میں جوش و خروش سے حصہ لیا اور این آئی سی وی ڈی اور قوم کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا وعدہ کیا۔