اسلام آباد ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم کا یوم آزادی کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے پر میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عزت مآب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ مل کر کام کرکے ہم اپنے لوگوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تہنیتی پیغام کے جواب میں وزیراعظم نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا بھائی چارہ زندہ باد۔متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے اور خوشحالی اور کامیابی کے مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا